اسلام آباد:وزیراعظم سے نائجیریا کے وزیر دفاع کی اہم ملاقات اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے نائجیریا کے وزیر دفاع کی ملاقات ہوئی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے آج دورہ پاکستان پر آئے جمہوریہ نائجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ریٹائرڈ) بشیر صالحی مگاشی کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران مشترکہ تاریخ، ثقافت اور اقدار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے دوطرفہ تعلقات کے مضبوط مثبت انداز کو سراہا۔
مارچ 2020 سے افریقہ میں اعلیٰ پوزیشن سنبھالنے پر نائجیریا کی معیشت کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی اور کاروباری تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے دفاع، سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو سراہا۔
یو این پیس کیپنگ آپریشنز کے زیراہتمام افریقہ میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور شراکت کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے ‘اینجیج افریقہ’ پالیسی کے اپنے وژن کا اظہار کیا جس کا مقصد براعظم کے ساتھ سفارتی نقش کو بڑھانا اور تجارتی اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کو آگے بڑھانا ہے۔
وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے 15 مارچ کو ’اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن‘ قرار دینے پر متفقہ طور پر تاریخی قرارداد کی منظوری کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جنرل اسمبلی کی طرف سے یہ تسلیم کرنے سے نسل پرستی، امتیازی سلوک اور مسلمانوں کے خلاف تشدد کے عصری چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔








