اسلام آباد: دو سابق وزرائے اعظم کو ریلیف مل گیا اطلاعات کے مطابق سابق اوگرا چئیرمین غیرقانونی تقرری نیب ریفرنس کیس میں احتساب عدالت نے دو سابق وزرائے اعظم کو ریلیف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری سے متعلق نیب کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ملزمان کو ریلیف ملنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت دو سابق وزرائےاعظم کو ریلیف دیا گیا ہے۔

احتساب عدالت نے نیب ریفرنس کو چیلنج کرنے کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔سابق وزراعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف سمیت دیگر کی درخواستوں پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ سید یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف کے خلاف احتساب عدالت ٹرائل چلانے کا اختیار نہیں رکھتی۔

عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری سے متعلق ریفرنس احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں۔ سکندر میکن، توقیر صادق، شوکت درانی، جاوید نذیر ریفرنس میں ملزمان نامزد تھے۔

نیب نے ملزمان پر خلاف قانون توقیر صادق کو چیئرمین اوگرا تعینات کرنے کا ریفرنس دائر کیا تھا۔

Shares: