یوکرین میں امریکی اور نیٹو اسلحے سے لدی گاڑیاں جائز ہدف ہیں:روس کا اعلان

0
48

ماسکو:یوکرین میں امریکی اور نیٹو اسلحے سے لدی گاڑیاں جائز ہدف ہیں:روس کا اعلان ،اطلاعات کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ روس یوکرین میں اسلحے کی ترسیل کرنے والی امریکی اور نیٹو فوجی گاڑیوں کو اپنا جائز ہدف سمجھتا ہے۔

ملکی خبر رساں ایجنسی تاس کو ایک انٹرویو میں روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے یوکرین میں مغربی ممالک کی کارروائیوں اور امریکا کی یوکرین کے لیے عسکری امداد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں امریکی انتظامیہ کے ساتھ ملاقات بے معنی ہے۔

روسی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ امریکیوں اور مغربی ممالک کو یہ سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ روسی آپریشن کو سست کرنے، روسی فوجی یونٹوں کو اور ڈونیسک اور لوہانسک کی عوامی جمہوریتوں کے تشکیلی عمل کو نقصان پہنچانے والی کارروائیوں کا سدباب کیا جائے گا۔

روس وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ایگور کوناشینکوف نے بھی خبردار کیا ہے کہ یوکرین کی طرف سے روس پر حملے جاری رہے تو روسی فوج کیف سمیت اہم سرکاری فیصلہ ساز مراکز کو نشانہ بنائے گی۔

میجر جنرل ایگور کوناشینکوف نے دارالحکومت ماسکو میں جاری بیان میں کہا ہے کہ یوکرین کی فوجی یونٹوں نے روس فیڈریشن کی زمینوں پر حملے اور سبوتاژ کارروائیاں کی ہیں۔ روسی فوج اب تک کیف سے دُور رہی ہے لیکن اگر اس نوعیت کے واقعات جاری رہے تو کیف سمیت اہم مراکز کو نشانہ بنایا جائے گا۔

دوسری جانب یوکرین کے صدارتی دفتر کے سربراہ اینڈری یرماک نے دارالحکومت کیف میں ممکنہ حملے کے خطرات کے بارے میں کہا ہے کہ وہ ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہیں اور روس کا کوئی بھی منصوبہ کارآمد ثابت نہیں ہوگا۔

صدارتی دفتر کے سربراہ اینڈری یرماک کا کہنا تھا کہ روس نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف نہتی شہری آبادی کے ساتھ ہی لڑنا جانتا ہے۔ مستقبل میں روس کو بین الاقوامی عدالت میں اپنے تمام جرائم کا جواب دینا ہو گا۔

Leave a reply