بابر اعظم کو عالمی نمبر ایک بلے باز کے طور پر ایک سال مکمل ہوگیا

0
47

لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ون ڈے میں عالمی نمبر ایک بلے باز کے طور پر ایک سال مکمل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان اور ٹاپ بلے باز بابر اعظم نے آج 14 اپریل 2022 کو عالمی نمبر ایک ون ڈے بلے باز کے طور پر ایک سال مکمل کر لیا۔

اپریل 2021 میں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز جیتنے میں اہم کردار ادا کرنے پر بابر اعظم نے 41 ماہ سے پہلی پوزیشن پر براجمان بھارت کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔انہوں نے سیریز میں ایک سنچری کی مدد سے مجموعی طور 228 رنز بنائے تھے۔

بابر نے ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے بعد سے اب تک صرف چھ ون ڈے میچز کھیلے ہیں جن میں تین سنچریز اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 90.3 کی حیران کن اوسط سے 453 رنز بنائے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بابر اعظم ون ڈے میں ظہیر عباس (1983-84)، جاوید میانداد (1988-89) اور محمد یوسف (2003) کے بعد ٹاپ رینکنگ حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بلے باز ہیں۔

ادھرجنوبی افریقہ کے لیجنڈری فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے بابر اعظم کو موجودہ دور کا بہترین بلے باز قرار دے دیا ہے۔

جمعرات کی سہہ پہر ڈیل اسٹین نے ٹوئٹر پر سوال و جواب کا سیشن کیا جس میں انہوں نے متعدد مداحوں کے جوابات دیے، جنہوں نے ان سے ہر طرح کے سوالات پوچھے۔ایک سوال جس نے اسٹین کو اپنی طرف متوجہ کیا وہ تمام فارمیٹس کے بہترین بلے بازوں کے بارے میں تھا۔اس سوال کے جواب میں انہوں نے بابر اعظم کا نام لیا اور کہا کہ وہ بہترین بلے باز ہیں۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کرکٹ کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں جبکہ ان کا نام ہر فہرست میں سر فہرست ہے۔اس سے قبل شین واٹسن نے بھی بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ میں اسٹیو اسمتھ، کین ولیمسن اور جو روٹ کے بعد اپنا دوسرا بہترین بلے باز قرار دیا ہے۔

بابر کی کارکردگی تمام فارمیٹس میں سنسنی خیز رہی ہے اور حال ہی میں ہونے والی آسٹریلوی سیریز میں ان کی کارکردگی نے لیجنڈری بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو بھی ان کی تعریف کرنے پر مجبور کردیا تھا۔

Leave a reply