نئی دہلی: بھارت کے عالمی شہرت یافتہ ریپ اسٹار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد ایک اور بھارتی گلوکار و اداکار منکرت اولکھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی قتل کی دھمیکاں دی گئی ہیں جس کے بعد انہوں نے اپنی جان کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی میں مزید اضافہ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

باغی ٹی وی : بھارتی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق 31 سالہ پنجابی گلوکار و اداکار منکرت اولکھ نے کہا ہے کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے لہذا ان کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کو اتوار کے دن قتل کیا گیا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق انہیں 30 گولیاں لگی تھیں جو ایک آٹو میٹک رائفل سےفائرکی گئی تھیں سدھو موسےوالا کی ایک دن قبل ہی حکومت کی جانب سےدی جانے والی سیکیورٹی واپس لی گئی تھی۔ انہیں پنجاب کے ڈسٹرکٹ مان سا میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا آنجہانی نے کانگریس کی جانب سے انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا لیکن اس میں انہیں کامیابی نہیں ملی تھی۔

آنجہانی سدھو موسے والا کی عمر صرف 28 سال تھی اور وہ ایک کنسرٹ کے لیے 28 لاکھ روپے بھارتی وصول کرتے تھے، وہ عوام میں بے پناہ مقبول تھے اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ان کی بے پناہ فینز تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریپ اسٹار سدھو موسے والا کو قتل کرنے کی ذمہ داری گینگسٹر گولڈی برار نے قبول کی ہےعالمی شہرت یافتہ ریپ اسٹار کے بہیمانہ قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کی وجہ سے کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار اس وقت توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گولڈی برار جس نے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے گینگ لیڈر لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی ہے۔ لارنس بشنوئی پنجاب یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن (SOPU) کا سابق صدر ہے اور اس وقت راجستھان کی جیل میں قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہا ہے۔

بھارت میں خیال کیا جا رہا ہے کہ لارنس بشنوئی ہی سدھو موسے والا کے قتل کا مرکزی ملزم بھی ہے جب کہ اس تاثر کی یکسر نفی کرتے ہوئے لارنس بشنوئی کے وکیل نے سوال کیا ہے کہ جیل سے قتل کی اتنی بڑی سازش کیسے تیار کی جا سکتی ہے؟ انہوں نے اس تاثر کی سختی سے نفی کی ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق سدھو موسے والا قتل کیس میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے گرفتار ملزم کو پانچ دن کے لیے پولیس کسٹڈی میں دیا گیا ہے جسے تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے گرفتار ملزم مان پریت کو اتر کھنڈ سے گرفتار کیا گیا ہے مان پریت ان 6 مشبہ ملزمان میں شامل تھا جنہیں گزشتہ روز حراست میں لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ منکرت اولکھ کو اپریل میں دیویندر بمبیہا گینگ کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جس کے بعد گلوکار و اداکار نے اپنی سکیورٹی میں اضافہ کرنے کو کہا تھا۔

Shares: