چین کے نئےقونصل جنرل ژاؤ شیرین(Mr. Zhao Shiren) نے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی سے الگ الگ ملاقات کی ہے.
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے چین کے نئےقونصل جنرل ژاؤ شیرین(Mr. Zhao Shiren) کی ملاقات میں پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا.چین کے قونصل جنرل نے حمزہ شہباز کو وزیر اعلی پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور میں قونصل جنرل کی ذمہ داری سنبھالنے پر ژاؤ شیرین کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا.وزیراعلیٰ اور چین کے قونصل جنرل نے مستقبل میں تعاون کو نئی جہت دینے کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا.
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ آپ کا عوام کی خدمت کا ویژن قابل تحسین ہے، حمزہ شہباز نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے دور میں
پاک چین معاشی تعلقات کی نئی جہتوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ سی پیک کے منصوبے پاکستان کی پائیدار ترقی کے سفر میں اہمیت رکھتے ہیں۔
وزیراعلی حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر بھی رابطے مضبوط کریں گے۔ سی پیک کی نئی جہتوں کو سامنے رکھ کر مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ملکر کام کریں گے۔ چین ترقی وخوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ ہے۔
علاوہ ازیں سپیکر چودھری پرویز الٰہی سے چینی قونصل جنرل Mr. Zhao Shirenکی اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی ہے ،چین کے قونصل جنرل Zhao Shiren نے سپیکر چودھری پرویز الہی کو چین کے صوبہ GANSU میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دی جسے سپیکر چودھری پرویز الہی نے قبول کیا۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہر مشکل گھڑی میں چاہے وہ جنگ ہو یا قدرتی آفات چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان اور چین میں دو طرفہ مضبوط تعلقات، بھائی چارے اور برسوں کی دوستی کے رشتہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔یہ دوستی حکومتوں کے درمیان نہیں بلکہ عوام کے درمیان ہے۔ ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ سی پیک دونوں ملکوں کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لہٰذا اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل ہونا چاہئے۔ سی پیک کی وجہ سے پاکستان کو نہ صرف خطہ میں بلکہ عالمی سطح پر بھی مزید اہم حیثیت حاصل ہو چکی ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ خطے میں امن و سلامتی اور ترقی کیلئے اپنا رول بخوبی ادا کر رہے ہیں اور آج دونوں ممالک پائیدار علاقائی اور عالمی امن کیلئے شانہ بشانہ کوشاں ہیں۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیا ل بھی کیا گیا، چین کے قونصل جنرلZhao Shiren نے چودھری پرویزالٰہی کے خیالات و جذبات کا خیر مقدم کیا.چین کے قونصل جنرلZhao Shiren نے پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان کا دورہ بھی کیا۔
ملاقات میں چودھری ظہیر الدین‘ رکن اسمبلی‘ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی‘ سیکرٹری‘ پارلیمنٹری افیئرز عنائیت اللہ لک اور ڈائریکٹرجنرل پارلیمانی امور رائے ممتاز حسین بابر بھی موجود تھے.