حکومت نے ضمنی الیکشن کیلئے دھاندلی کا پلان بنا لیا،پرویز الہی

0
47

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جھنگ سے سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان اور ایم پی اے رانا شہباز نے یہاں ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ارکان پنجاب اسمبلی فاروق امان اللہ دریشک اور حنیف پتافی بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صاحبزادہ محبوب سلطان اور رانا شہباز نے چودھری پرویزالٰہی کو ضمنی انتخاب میں حکومت پنجاب کے دھاندلی پر مبنی اقدامات سے آگاہ کیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں دھاندلی کی انتہا شروع ہو چکی ہے، جعلی حکومت کو اپنی شکست نظر آ رہی ہے اس لئے ان کا دھاندلی کا پلان ہے جس پر انہیں عوام کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جعلی امپورٹڈ حکومت نے عوام کیلئے آج تک کیا کیا ہے جو انہیں ووٹ ملیں، بجلی گیس پٹرول مہنگا کرنے کے علاوہ اس حکومت کا کیا کارنامہ ہے، انشاء اللہ عوام لوٹوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ بھارتی حکمران جماعت کی جانب سے توہین رسالت کے معاملے پر بھی امپورٹڈ حکومت نے کوئی سخت ردعمل نہیں دیا، عالمی سطح پر اس معاملے پر بھارت کے خلاف آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی کیا جائے۔

صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لوٹے امیدواروں کیلئے من پسند پولیس آفیسرز کو تعینات کر دیا ہے، پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے فنڈز بھی ضمنی انتخاب کے حلقوں میں ٹرانسفر کر دیئے گئے ہیں۔ رانا شہباز نے کہا کہ حکومت پنجاب کے دھاندلی پر مبنی اقدامات کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے.

انہوں نے کہا کہ لوٹے امیدواروں کے ساتھ پولیس کے چار چار اہلکار بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں جو عوام کو ہراساں کر رہے ہیں، ضمنی حلقوں میں دھاندلی کا ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہو رہا ہے وہاں پر جعلی پنجاب حکومت اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے گلی، محلے، موضع کی سطح پر اداروں کو ترقیاتی کام کروانے کیلئے ٹاسک سونپ دئیے ہیں، الیکشن کمیشن ایکشن لے

Leave a reply