واشنگٹن:سعودی سفارتخانے کی سڑک کا نام تبدیل کر کے’جمال خاشقجی وے‘ کر دیا گیا

0
36

واشنگٹن ڈی سی کی سعودی سفارت خانے کے سامنے والی سڑک کا نام تبدیل کر کے ’جمال خاشقجی وے‘ کر دیا گیاہے۔

باغی ٹی وی : امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے کے سامنے والی سڑک کو مقتول صحافی جمال خاشقجی کےنام سے منسوب کر دیا گیا ہےمقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سڑک کا نام ‘جمال خاشقجی وے’ اس لیے رکھا گیا ہے تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ اختلاف کرنے والوں کو یاد رکھا جائے گا۔

امریکہ میں رہائش پذیر سعودی حکومت کے ناقد صحافی جمال خاشقجی کو اکتوبر 2018 میں استنبول میں سعودی سفارتخانے کے اندر قتل کر دیا گیا تھا امریکی خفیہ ایجنسیوں کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہی اس قتل کی اجازت دی تھی۔ تاہم محمد بن سلمان اس کی تردید کرتے ہیں۔

سعودی سفارت خانے کے سامنے والی سڑک کا نام جمال خاشقجی کے نام پر کرنے سے متعلق واشنگٹن میں تقریب کا اہتمام ایک ایسے وقت ہوا، جب چند روز قبل ہی امریکی صدر جو بائیڈن نے جدہ کے اپنے دورے کا اعلان کیا ہے۔ محمد بن سلمان اگلے ماہ امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملاقات کرنے والے ہیں۔

اسٹریٹ سائن کی نقاب کشائی کے موقع پر انسانی حقوق کے بہت سے کارکنان، امریکی کانگریس کے اراکین اور مقامی کونسلرز سمیت کئی اہم شخصیات، نیو ہیمپشائر ایونیو میں سفارت خانے کے باہر موجود تھیں۔

سڑک کے نام کی رسم اجرا کے موقع پر جمال خاشقجی کی منگیتر خدیجہ چنگیزی کا ایک بیان بھی پڑھ کر سنایا گیا، جس میں انہوں صدر بائیڈن سے خاشقجی کی لاش کے بارے میں جواب طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔

خدیجہ چنگیزی نے کہا کہ آج، اس خوشی اور انتہائی پروقار موقع پر، میرے پاس دو پیغامات ہیں پہلا یہ کہ پیارے جمال، جن نظریات اور اقدار کا دفاع کرتے ہوئے آپ نے اپنی جان گنوا دی، اس کا دنیا بھر میں جشن منایا جاتا رہے گا وہ دنیا اور خطے میں پھیلتے رہے ہیں گے۔

میرا دوسرا پیغام صدر جو بائیڈن کے لیے ہے۔ مسٹر بائیڈن، آپ جلد ہی صدر کے طور پر سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جہاں آپ جمال کے سنگدل جلاد سے ملاقات کریں گے آپ کو اس وحشیانہ جرم کے تمام مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے اپنے عزم کو برقرار رکھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کا مشرق وسطی کا دورہ 13 سے 16 جولائی کے درمیان ہو گا۔ اس دوران جو بائیڈن سب سے پہلے اسرائیل پہنچیں گے اور پھر مقبوضہ مغربی کنارے کا دورہ کرنے کے بعد آخر میں سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

بائیڈن اپنی انتخابی مہم کے دوران سعودی شاہی خاندان کی جانب سے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں پرسخت نکتہ چینی کیا کرتے تھےاور اس جانب توجہ مرکوز کراتے ہوئےکہا تھا کہ نئےتناظر میں واشنگٹن کوریاض کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

Leave a reply