پاکستان کے زاہد قریشی امریکا کی تاریخ کے پہلے مسلمان وفاقی جج بن گئے

0
68

نیوجرسی :پاکستانی نژاد جج زاہد قریشی کے عہدہ سنبھالنے سے امریکا میں ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ نیوجرسی ڈسٹرکٹ کورٹ جج کا عہدہ سنبھالنے والے زاہد قریشی پہلے امریکی مسلم ہیں جو اس عہدے پر فائز ہوئے ہیں، وہ پہلے ایشیائی امریکی بھی ہیں جو ریاست کے وفاق بینچ کا حصہ بنے۔

یادرہے کہ امریکہ کے صدربائیڈن نے پچھلے برس اپریل میں زاہد قریشی کو جج نامزد کردیا تھا اورجون میں سینیٹ نے 16 کے مقابلے میں 81 ووٹوں سے ان کے نام کی توثیق کردی تھی۔نیوجرسی میں ڈسٹرکٹ جج کا منصب سنبھالنے سے پہلے زاہد قریشی اسی ریاست میں اسسٹنٹ اٹارنی تھے،پرائیوٹ پریکٹس کے بعد زاہد قریشی نے نیوجرسی ہی کے سُوپیریئرکورٹ سے وابستہ جج ایڈوین اسٹرن کے لاء کلرک کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں اور پھر نیوجرسی ہی میں اسسٹنٹ اٹارنی کامنصب سنبھالا تھا۔

جان جے کالج آف کرمنل جسٹس سے فارغ التحصیل زاہد قریشی نے رٹگرز لاءاسکول سے جے ڈی یعنی جیورس ڈاکٹرکی ڈگری حاصل کی تھی، وہ ایک عرصہ تک امریکی فوج میں ملٹری پراسیکیوٹر کےعہدے پربھی فائزرہے ہیں۔

زاہد قریشی کے والد ڈاکٹر نثار قریشی 1960 کی دہائی کے آخری سالوں میں پاکستان کے شہر گوجرخان سے نیویارک منتقل ہوئے تھے، اپریل 2020 میں کورونا سے انتقال تک ڈاکٹر نثار اسی شہر میں طبی شعبے سے وابستہ رہے۔زاہد قریشی اعلیٰ تعلیم یافتہ سہی، فیڈرل جج کے طورپران کی تعیناتی کرشمے سے کم نہیں، ان کی نامزدگی سینیٹر کُوری بُوکر کی وجہ سے ممکن ہوئی جو خود اس بات پر حیرت زدہ تھے کہ اب تک امریکا میں کوئی مسلم وفاقی جج کیوں نہیں بن سکا؟

Leave a reply