اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے میں ابھی کامیاب ہوگئی ہے اطلاعات کے مطابق کی حکومتی کوششوں کے نتائج ملنا شروع ہوگئے اور جولائی میں جاری کھاتوں کا خسارہ 73 فیصد کم ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2019ء کے دوران حسابات جاریہ (کرنٹ اکاﺅنٹ) کا خسارہ 57 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ جولائی 2018 کے دوران 2.13 ارب ڈالر خسارہ ہوا تھا اس طرح جولائی 2018ء کے مقابلے میں جولائی 2019ء کے دوران ملک کے جاری کھاتوں کے خسارے میں 1.551 ارب ڈالر یعنی 73 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری طرف مرکزی بینک کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں ملکی برآمدات 11 فیصد اضافے سے 2.2ارب ڈالر جبکہ درآمدات 26 فیصد کمی سے 4 ارب ڈالر رہیں۔جولائی میں خدمات کا خسارہ 8 فیصد کمی سے 47 کروڑ ڈالر جبکہ آمدن کا خسارہ 53 فیصد اضافے سے 61 کروڑ ڈالر رہا،
سٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق خسارے کی فنانسنگ کیلئے 2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر اہم رہیں، مالی سال 2019 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 21.84 ارب ڈالر وطن عزیز بھیجے ہیں۔جولائی میں بھیجی جانے والی ترسیلات کے سبب ثانوی آمدن 2.35 ارب ڈالر رہی جبکہ بقایا خسارے کی فنانسنگ 55 کروڑ ڈالر قرض لے کر پوری کی گئی۔