اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے شہید لئیق بیگ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کرنل لئیق شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، دہشت گردوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے، فوج کے افسروں اور جوانوں کی مادر وطن کے لئے عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ قومی عزم ہے، پوری قوم اس پر یکسو ہے، کرنل لئیق بیگ شہید کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

پی پی پی چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کرنل لئیق بیگ مرزا کو اغوا کرکے شہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کرنل لئیق بیگ مرزا کو اغوا کرکے شہید کرنا ایک بزدلانہ کارروائی اور کھلی دہشتگردی ہے

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بزدلانہ کارروائیوں سے پاک افواج کے جوانوں اور افسران کے عزم و حوصلے کو پست نہیں کیا جاسکتا، شہید کرنل لئیق بیگ مرزا قوم کے ہیرو ہیں، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کی ہر شکل کے خلاف متحد اور اس جنگ میں پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے،

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی لئیق مرزا شہید کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق مرزا کا اغوا اورقتل ناقابلِ معافی جرم ہے، لئیق مرزا شہید جیسے بہادر بیٹوں پر ملک اور قوم کو ناز ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کے قاتلوں سے وطن دشمن جیسا سلوک کیا جائے، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن لئیق مرزا شہید کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

آصف علی زرداری نے شہید لیفٹیننٹ کرنل لئیق مرزا کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔

واضح رہے کہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے زیارت میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو اغوا کے بعد شہید کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو 12 اور 13 جولائی کی رات زیارت کے قریب سے اغوا کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ ڈی ایچ اے کوئٹہ میں خدمات سر انجام دے رہے تھے، لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ اور ان کے کزن کے اغوا کی اطلاع پر آرمی کوئیک ری ایکشن فورس روانہ کی گئی جس نے دہشت گردوں کا پیچھا کر کے ان کا منگی ڈیم کے پاس موجودگی کا سراغ لگایا۔

Shares: