لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ویمنز انڈور ایشیا کپ کے لئے 10 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔
ویمنز انڈور ایشیا ہاکی کپ بنکاک میں 8 اگست تا 15 اگست تک کھیلا جائے گا، شازمہ نسیم (گول کیپر)، طاہرہ اسلام (گول کیپر)، حمراء لطیف، اقراء اقبال، مائرہ صابر (کپتان) ندا اصغر، کلثوم شہزادی کو منتخب کیا گیا ہے۔
مریم حنیف، اریبہ سرور اور دعا خان (نائب کپتان) بھی ایشیاء ہاکی کپ کھیلیں گی، ٹیم آفیشلز میں مینجر شہلاء رضا، کوچ نعیم احمد، ویمنز کوچ راحت خان شامل ہیں۔
ادھر دوسری طرف پی سی بی نے دورہ نیدر لینڈز اور اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیدرلینڈ کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کے میچز 16 اگست سے 21 اگست کے دوران کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے بھی 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، ایشیا کپ 27 اگست سے 11 ستمبر کے دوران متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ کو حسن علی کی جگہ دونوں اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے جبکہ اسکواڈ میں سلمان علی آغا کی بھی واپسی ہوئی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ان کی بحالی کے پروگرام کی نگرانی ٹیم ٹرینر اور فزیو تھراپسٹ کریں گے جو ان کے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ بھی کریں گے۔
اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی ٹیم میں نیدر لینڈز کے خلاف ون ڈے اسکواڈ سے پانچ تبدیلیاں کی جائیں گی۔
عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود کی جگہ آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر شامل ہوں گے۔








