ریاض (اے پی پی) حوثی باغیوں نے سعودی شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کیلئے دو ڈرونز فائر کردئیے، جسے سعودی فضائیہ نے ناکام بنادیا.
تفصیلات کے مطابق سعودی فضائیہ نے حوثی باغیوں کی طرف سے فائر کئے گئے دو ڈرونز گرا کر اپنے شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ سعودی خبر رساں ایجنسی نے عرب اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کے حوالے سے بتایا کہ حوثی باغیوں نے خمیس مشیط کی شہری آبادی کو نشانہ بناتے کے لیے دو ڈرونز اڑائے، بروقت اطلاع ملتے ہی سعودی ایئر فورس کی طرف سے کارروائی کی گئی۔
کرنل المالکی نے مزید بتایا کہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پابندی کرتے ہوئے سعودی افواج اپنے ملک اور شہریوں کی سلامتی کے لیے کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔