کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں میرپور خاص رائلز کے کپتان شعیب ملک نے اپنی انعامی رقم سیلاب سے متاثرہ افراد کو عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

باغی ٹی وی :کے پی ایل میں بہترین کارکردگی کے باعث شعیب ملک مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے جس کے بعد انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ وہ اس کی رقم سیلاب متاثرین کو دیں گے۔


شعیب ملک نے لکھا کہ میں مین آف دی ٹورنامنٹ جیتنے اور مزید ایک اور ٹرافی اٹھانے پر خوش ہوں، میں یہ ایوارڈ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے نام کرنا چاہتا ہوں، ہمیں ہر چیز سے بالا تر ہوکر بحیثیت قوم اکٹھے ہونا چاہیے میں اپنی جیتی ہوئی انعامی رقم سیلاب متاثرین کو عطیہ کروں گا-


قومی کرکٹر نے اپنی ٹوئٹ میں لگاتار دوسری بار اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے انتظامیہ، تمام گراؤنڈ اسٹاف، میڈیا پرسنل، مبصرین اور فرنچائزز کا شکریہ ادا کیا اوراس سب کیلئے کی گئی کوششوں پر راشد لطیف کو بھی خراج تحسین پیش کیا-

واضح رہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے سیزن ٹو میں میرپور رائلز بغیر مقابلے کے فاتح قرار پائی، میرپور رائلز اور باغ اسٹالیئنز کا فائنل بارش کی نذر ہوگیا جس کے بعد میرپور رائلز کو لیگ مرحلے میں ٹیبل پر زیادہ پوائنٹس کی بنیاد پر چیمپئن قرار دے دیا گیا۔


مجموعی طور پر چھ میچ کھیل کر میر پور رائلز آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست تھی۔ جب کہ باغ اسٹالینز سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی۔

قبل ازیں خراب موسم کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے کے چاروں میچ مکمل طور پر منسوخ ہو گئے تھے۔

Shares: