لندن (اے پی پی) امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ جنگی طیارے رکھنے والا پہلا ملک ہے جس کی فضائیہ میں 13ہزار398 جنگی طیارے شامل ہیں.
ملٹری ویب سائٹ گلوبل فائر پاور نے تازہ ترین جائزے میں انکشاف کیا ہے کہ امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ جنگی طیارے رکھنے والا پہلا ملک ہے جس کی فضائیہ میں 13ہزار398 جنگی طیارے شامل ہیں. روس دوسرے نمبر پر ہے جسکے پاس4 ہزار78 جنگی طیارے ہیں، چین تیسرے نمبر پر ہے اور اس کے جنگی طیاروں کی تعداد 3187 ہے،بھارت 2082 جنگی طیاروں کا مالک ہے اور دنیا بھر میں اس کا نمبر چوتھا ہے، جنوبی کوریا پانچویں نمبر پر ہے اور اس کے پاس 1614 طیارے ہیں۔ فرانس کے طیاروں کی تعداد 1248ہے اور وہ دنیا میں آٹھویں نمبر پر ہے۔ برطانیہ کی ایئر فورس میں 811 جنگی طیارے ہیں اور وہ15ویں نمبر پر ہے۔
دوسری جانب عرب ممالک میں مصر مختلف قسم کے 1092 جنگی طیاروں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، ترکی کے پاس 1050 جبکہ اسرائیل کے پاس 595 جنگی طیارے ہیں اور یہ اٹھارہویں بین لاقوامی فضائی طاقت ہے۔ عرب ممالک میں مصر کے بعد دوسری بڑی فضائی طاقت کا مالک سعودی عرب ہے جسے 12ویں بین الاقوامی طاقت قرار دیا گیا ہے، الجزائر عرب دنیا میں تیسرے اور بین الاقوامی سطح پر 21 ویں، متحدہ عرب امارات عرب دنیا میں چوتھی اور عالمی سطح پر 22 ویں فضائی طاقت ہے۔