بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی

0
104

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 74 ویں برسی آج انتہائی عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے، بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کراچی شہر کی بندرگاہ کے قریب واقع وزیر مینشن نامی عمارت میں 1876 کوجناح بھائی پونجا کے گھرآنکھ کھولنے والے محمد علی جناح آنے والے برسوں میں مسلمانان ہند کے میر کارواں بن گئے اور عرصہ دراز سے استحصال میں پھنسی قوم کو اپنی سیاسی بصیرت کی وجہ سے الگ مملکت کی شناخت دی۔قائداعظم کو پاکستان کی آزادی کے لیے ان کی بے مثال خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کئے جا رہے ہیں۔

بابائے قوم کےسنہری اصول آج بھی مسائل کی دلدل سے نکلنے کیلئے مشعل راہ ہیں، قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف تقاریب بھی منعقد کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ برصغیر میں ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کا وہ دیرینہ خواب جو اسلامیان ہند گذشتہ دو صدیوں سے دیکھتے چلے آرہے تھے 14 اگست کو شرمندہ تعبیر ہوا، قائد اعظ محمد علی جناح قوم کیلئے آزادی حاصل کرنے کے فوراً بعد 11 ستمبر 1948 کو انتقال کرگئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آج بابائےقوم قائداعظم محمدعلی جناح کا74 یومِ وفات ہے.پوری قوم آج کےدن قائدِاعظم کی مسلمانانِ برصغیر کےحقوق کی جنگ میں انتھک جدوجہد، دوراندیشی اورقائدانہ صلاحیتوں پرانہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے.قائدِ اعظم کی قیادت کےبغیر مسلمانوں کیلئےآزاد ریاست کاخواب کبھی شرمندہءِ تعبیرنہ ہوتا.

انہوں نے کہا کہ آج قوم کو پاکستان کو درپیش چیلینجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے بابائے قوم کے ایمان، اتحاد اور تنظم کے لازوال سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے ذیادہ ضرورت ہے. معاشی مشکلات میں گھرے وطنِ عزیز کو سیلاب کی قدرتی آفت کا سامنا ہے یم.

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہم اپنے ایمان کی طاقت، اتحاد اور بھائی چارے سے اپنی صفوں میں ایسا نظم و ضبط لے کر آئیں گے کہ صرف سیلاب و معاشی مشکلات نہیں بلکہ تمام چیلینجز پرقابو پاکر قائد کےعظیم پاکستان کی منزل کو جلد حاصل کر لیں گے.راستہ دشوار ضرور ہےمگر منزل کا حصول ناممکن ہر گز نہیں.

وفاقی وزیر برائے خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قوم کو ہر مشکل امتحان میں قائدِ اعظم کی پیروی کرنا ہوگی، آج ایک بار پھر سیلاب کی شکل میں ارضِ وطن کو ایک چیلنج کا سامنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ وفات پر اپنے پیغام میں کہا کہ قیامِ پاکستان جیسا عظیم کارنامہ قائدِ اعظم کی جمہوری جدوجہد کا نتیجہ ہے، وہ ملک میں سب کے لیے سماجی انصاف چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے اصولوں پر کاربند رہیں، ان کے رہنما اصول اتحاد، یقین محکم اور نظم وضبط پر کاربند ہونا ہو گا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے سیاسی جدوجہد کر کے آزاد ریاست کی بنیاد رکھی، قائد اعظم کی فلاسفی پر عمل پیرا ہیں۔بابائے قوم کی برسی پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو متحد اورمضبوط بنانے کی ضمانت 1973 کا آئین ہے، اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری نے قائد اعظم کے پاکستان کو مستحکم کیا ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پوری قوم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے. قائدِاعظم کے زریں اصول اتحاد،ایمان نظم و ضبط ہمارے لیے مشعل راہ ہیں. آئیں عہد کریں کہ قائدِاعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو آگے لے کر جائیں گے. باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک قوم بن کر ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے.

وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے یوم وفات پر پیغام میں کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔قائداعظمؒ کے زریں اصولوں ”ایمان، اتحاد، تنظیم“ کو اپنا کر ہم مملکت خدا داد پاکستان کو درست سمت میں ڈال سکتے ہیں۔ میں سمجھتاہوں کہ قائداعظمؒ کے اصولوں پر چل کر ہی ہم پاکستان کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آج اگر ہم خود کو آزاد قوم کہلاتے ہیں تو اس کے پیچھے قائداعظمؒ کی مدبرانہ سیاست ہے۔بانی پاکستان محمد علی جناحؒ بااصول، انصاف پسند اور جرأت مند مدبر تھے۔ تحمل،برداشت اوررواداری پر مبنی پرامن معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کا خواب تھا۔ ایسا پاکستان جہاں سب کو یکساں سماجی و معاشی انصاف ملے گا۔ قائد اعظمؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ سیاسی اور ذاتی مفادات کو پس پشت رکھ کر بحیثیت قوم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی مثالی فضا پیدا کی جائے۔

Leave a reply