باغی ٹی وی : شیخوپورہ (محمد طلال سے) صوبائی وزیر قانون پنجاب خرم شہزاد ورک نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی شہری آبادیوں ، فیکٹریوں سے کثیر مقدار میں آلودہ پانی کے اخراج اور زرعی مقاصد کے لئے استعمال ہونے والی جراثیم کش ادویات کے باعث ہونے والی آبی آلودگی ، آبی حیات پر بری طرح اثر انداز ہورہی ہے۔ دریاؤں و قدرتی آبی گذر گاہوں پر بیراجوں اور ان کے کناروں پر بندوں کی تعمیر سے مچھلی کی قدرتی افزائش گاہیں تقریبا معدوم ہوگئی ہیں ، جس سے ان کی قدرتی طور پر ہونے والی افزائش میں تیزی سے کمی واقع ہورہی ہے۔ انہوں نے یہ بات شیخوپورہ کے تاریخی و سیاحتی مقام ہرن مینار میں فش سیڈ سٹاکنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ضلع انتظامیہ اور محکمہ ماہی پروری نے آبی حیات کی بقا کے پیش نظر شیخوپورہ کے تاریخی و سیاحتی مقام ہرن مینار میں فش سیڈ سٹاکنگ کا انعقاد کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر قانون پنجاب خرم شہزاد ورک تھے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز شیخوپورہ فروا رسول ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر فیصل جاوید ، محکمہ ماہی پروری کے افسران اور فش فارمرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز شیخوپورہ فروا رسول نے ہرن مینار میں 10 ہزار سے زائد فش سیڈ سٹاک چھوڑ کر اس مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب سرکاری پیداواری مراکز پر مصنوعی نسل کشی سے حاصل شدہ فش سیڈ سٹاک کی قدرتی پانیوں میں سٹاکنگ پروگرام کے تسلسل کا حصہ ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز فروا رسول نے کہا کہ محکمہ ماہی پروری آبی حیات کے تحفظ اور اس کی معدوم ہوتی ہوئی نسلوں کی افزائش کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت ماہی پروری کے ذریعے صوبے کی آمدن میں اضافے اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے مچھلی کی صنعت کو ترقی دے رہی ہے اور اس سلسلے میں نہ صرف سرکاری سطح پر مچھلی کی آفزائش کے لئے ہچری کو فروغ دیا جا رہا ہے بلکہ نجی شعبہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ، جس سے نہ صرف مچھلی کی صنعت فروغ پائے گی بلکہ صوبے میں روزگار کے وسیع ذرائع میسر آئیں گے۔
کی طرف سے پوسٹ کیا گیاڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں








