ملک سے جانے اور آنیوالے مسافروں کیلیے اب کرنسی سمیت ممنوع اشیا ڈکلیئر کرنا بھی لازمی قرار
وفاقی حکومت نے پاکستان سے بیرون ممالک جانے اور پاکستان آنے والے مسافروں کیلیے بتدریج 5 ہزار اور 10 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی کرنسی اور دیگرممنوع سامان رکھنے پر کسٹمز ڈکلیئریشن لازمی قرار دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق اس حوالے سے کسٹمز رولز میں ترامیم کی جارہی ہیں۔ متعلقہ دستاویز کے مطابق ایف بی آرنے کسٹمز رولز میں ترامیم کا مسودہ تیار کرکے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے آرا کے لیے بھجوادیا ہے۔ اسٹیک ہولڈرز مجوزہ مسودے سے متعلق 7 دن کے اندر اپنی آرا ،اعتراضات و تجاویز دے سکتے ہیں۔
دستاویز کے مطابق مقررہ میعادکے بعد موصول ہونے والی تجاویز کو منظور نہیں کیا جائے گا اور گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے ترامیمی رولز لاگو کردیے جائیں گے۔ ایف بی آر نے مجوزہ ترامیمی رولز میں پاکستان آنے والے اور پاکستان سے بیرون ممالک جانے والے مسافروں کے لیے کسٹمز ڈکلیئریشن فارم کا مسودہ بھی ساتھ منسلک کیا ہے۔
دستاویز میں درج ہے کہ پاکستان سے بیرون ممالک جانے والے مسافروں کو اپنے پاس موجود 5 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی کرنسی یا دیگر ممنوع اشیا کے بارے میں کسٹمز ڈکلیئریشن جمع کروانا ہوگا ۔ یہ کسٹمز ڈکلیئریشن بیرون ملک روانگی سے قبل الیکٹرانیکلی وی باک کے ذریعے بھی جمع کروایا جاسکے گا یا پھر روانگی کے موقع پر ائرپورٹ پر مینوئیلی جمع کروانا ہوگا ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ 16 اگست کو حکومت نے بیرون ملک سے پاکستان آنے اور دیگر ممالک کو جانے والے تمام مسافروں کے لیے کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار دیا تھا. حکومت نے منی لانڈرنگ پر قابو پانے کی کوششوں اور ایف اے ٹی ایف کی شرط پر عمل کا آغاز کیا تھا۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایف بی آر کی ہدایت پر بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کے لیے کرنسی ڈکلیئریشن کا نوٹی فکیشن کیا تھا.
اس وقت کے سی اے اے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق ڈکلیئریشن فارم پُر کر کے ائر لائن عملے کے حوالے کرنا ہو گا، جس میں مسافر کو ملکی و غیر ملکی کرنسی کی تفصیلات ظاہر کرنا ہوں گی۔اتھارٹی کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ائرلائنز کے ٹکٹ بکنگ دفاتر میں بھی کرنسی ڈکلیئریشن فارمز مہیا کیے جائیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مسافر پرواز کے لیے چیک اِن سے قبل فارم کسٹمز اسٹاف کو جمع کروائیں گے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ضوابط ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر آنے اور جانے والی پروازوں کے لیے لاگو کردیے ہیں۔ مسافر ڈکلیئریشن جمع کرائے بغیر طیارے پر سوار ہو سکیں گے اور نہ ہی ائرپورٹ سے باہر جا سکیں گے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ ملکی و غیر ملکی ائرلائنز، پائلٹس اور عملے کو کسٹمز ڈکلیئریشن فارم کی شقوں سے متعلق مکمل تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا۔ ڈکلیئریشن پُر نہ کرنے کی صلاحت رکھنے والے مسافروں کا فارم ائر لائن اسٹاف کی مدد سے پُر کیا جا سکتا ہے۔ ہوائی اڈوں پر کرنسی ڈکلیئریشن فارمز موصول کرنے کے لیے باقاعدہ کاؤنٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی گئی۔