پاکستانی وفد کا دورہ اسرائیل،اسرائیلی صدر اساک ہرزوگ سے ملاقات

فرید احمد قریشی نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ: پاکستانی وفد کی اسرئیلی صدر اساک ہرزوک سے ملاقات ہوئی جس میں ٹی وی اینکر امتیاز میر، صحافی عارف نقوی اور فیض بروہی وغیرہ شامل تھے.


لیکن ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے کسی وفد کے اسرائیل کا دورہ کرنے کے تاثر کو یکسر مسترد کردیا ہے اور میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کسی بھی پاکستانی وفد کے دورۂ اسرائیل کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دورے کا اہتمام ایک غیر ملکی این جی او نے کیا تھا جو پاکستان میں مقیم نہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا مؤقف واضح اور غیر مبہم ہے، ہماری مکمل قومی اتفاق رائے کی حامل ایسی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی مستقل حمایت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد، قابل عمل اور متصلہ فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، خطے میں منصفانہ اور دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہے۔

دوسری جانب العربیہ اردو کے مطابق: ایک سیاحتی گروپ کے رہنما نے کہا ہے کہ پاکستانی سابق حکومت کے ایک وزیر نے وفد کے ساتھ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات کی ہے۔ وفد میں ’’ بین المذاہب مکالمے‘‘ کو فروغ دینے والی پاکستانی تظنیم کے نمائندے شامل تھے۔ یہ غیر سرکاری تنظیم سابق امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے ابراہم معاہدہ کے بعد تشکیل دی گئی تھی۔

ابراہم معاہدے نے چار عرب ملکوں امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات کو معمول پر لانے کی راہ ہموار کی تھی۔ پاکستان کے سابق وزیر مملکت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نسیم اشرف نے کہا فون پر ایسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے ایک وفد کے ساتھ مقبوضہ بیت المقدس موجود ہیں۔

پاکستانی وفد کی سربراہی کرنے والے نسیم اشرف نے وفد کے دیگر ارکان سے متعلق تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ واضح رہے پاکستان کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔ نسیم اشرف 2006 سے 2008 تک پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہے ہیں۔ وہ نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے بھی چیئرمین رہ چکے ہیں اور 6 سال وزیر مملکت بھی رہے ہیں۔ انہیں 2007 میں ستارہ امتیاز بھی دیا گیا تھا۔

Shares: