پی ٹی آئی کے ممکنہ دھرنے سے نمٹنے کیلئے سندھ پولیس کی تیاریاں ،400اہلکار جلد اسلام آباد پہنچ جائیں گے.
پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں ممکنہ دھرنے سے نمٹنے کیلئے سندھ پولیس کی تیاریاں جاری ہیں، اسلام آباد پولیس کی درخواست پر سندھ پولیس نے 400اہلکاروں کی لسٹ تیار کر لی ہے جنہیں جلد اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے ممکنہ دھرنے سے نمٹنے اور اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے اسلام آباد پولیس نے چاروں صوبوں سے 30 ہزار کے قریب نفری طلب کی تھی ، جس پر آئی جی سندھ نے مختلف اضلاع سے نفر ی طلب کر لی ہے جس کے بعد 400اہلکاروں کی لسٹ تیار کر لی گئی ہے، جنہیں جلد اسلام آباد بھیجا جائے گا، نجی ٹی وی کے مطابق سندھ کے علاوہ کسی بھی صوبے سے تاحال نفری اسلام آباد نہیں بھیجی گئی ۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کے ریڈ زون کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے پیش نظر احتیاط کے طور پر سیل کر دیا گیا تھا ، جبکہ پی ٹی آئی نے اس حوالے سے کہا کہ ” حکومت مکمل ہوش کھو بیٹھی ہے، ابھی تو تحریک انصاف نے اسلام آباد بند کرنے کی کوئی کال ہی نہیں دی ، ابھی سے پورا شہر قلعہ بنا رہے ہیں۔”
علاوہ ازیں گزشتہ دنوں اسلام آباد کے ڈی چوک تک رسائی کو محدود کرنے کے لیے سڑکوں کے ساتھ کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر علاقے کو سیل کردیا گیا تھا اور اسلام آباد پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ’’پنجاب سے کچھ لوگ اپنے سیاسی مطالبات کے حصول کے لیے وفاقی دارالحکومت کے لیے روانہ ہونے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ لہذا ریڈ زون اور اس کے محلقہ علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا ، خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔








