محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے۔ ڈپٹی کمشنر گجرات

گجرات (نمائندہ باغی ٹی وی )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈی پی او توصیف حیدر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان یقینی بنانے اور عزاداروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے، موجودہ ملکی اور بین الااقوامی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المذاہب کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا جائے گا کہ تمام پاکستانی بلا تفریق مذہب و مسلک متحد ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رانی حفصہ کنول، توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر محمد جمیل، فیصل عباس، انیشا ہشام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ پروفیسر سید سرفراز جعفری، قاری الطاف الرحمان، حفیظ اللہ صدیقی سمیت دیگر علما کرام و ممبران نے بھی اظہار خیال کیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی مذمت کی قرار داد متفقہ طور پر منظورکی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مظلوم کشمیری بھائیوں کیساتھ ہیں اور ان کی ہر ممکن اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھیں گے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، میونسپل کمیٹیوں، واپڈا، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل نے محرم الحرام کے لئے جامع پلان پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے، محرم الحرام کے دوران ڈی سی آفس اور اے سی دفاتر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں تمام محکموں کے نمائندے بھی موجود رہیں گے جبکہ ان محکموں کی ٹیمیں جلوس کیساتھ بھی موجود رہیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی میونسپل کمیٹیاں جلوس کے راستوں پر فوری تعمیر و مرمت اور پیچ ورک کرائیں، روشنی، لوڈ شیڈنگ کی صورت میں جنریٹر کا انتظام یقینی بنایا جائے جبکہ تمام جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں جنکی براہ راست مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد اہلبیت اطہار علیہم السلام سے عقیدت رکھتے ہیں اور اپنے اپنے انداز میں ایام شہادت مناتے ہیں، امام حسین علیہ السلام اورانکے رفقا کی عظیم قربانی سے ہمیں صبر و تحمل کا درس ملتا ہے، ان ایام کے دوران جہاں انتظامیہ اور منتظمین مجالس و جلوس کی ذمہ داریاں ہیں وہیں دیگر مسالک سے تعلق رکھنے والے علما کرام و ممبران کا بھی فرض ہے کہ وہ متحرک رہ کر لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ڈی پی او توصیف حیدر نے کہا کہ علما ء کرام اور ممبران کمیٹی مجالس اور جلوسوں کے موقع پر موجودرہیں اور منتظمین کی معاونت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پلان کے مطابق مجالس اور جلوس کی سکیورٹی کیلئے پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی دینگے، مجالس کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب ہونگے اور ہر فرد کی تلاشی لی جائے گی۔ پروفیسر سید سرفراز جعفری، قاری الطاف الرحمان، حفیظ اللہ صدیقی سمیت دیگر علما کرام و ممبران نے کہا کہ گجرات ہمیشہ سے امن و امان کا مرکز رہا ہے، محرم الحرام کے دوران امن و امان اور اتحاد بین المسلمین برقرار رکھنے کیلئے تمام ممبران انتظامیہ اور پولیس سے مکمل تعاون کریں گے۔

Comments are closed.