کراچی: فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہم ہیں، اس مشکل گھڑی میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔تفصیلات کے مطابق فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے اہلیہ کے ہمراہ قائد اعظم میوزیم ہاوٴس کا دورہ کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی دیرینہ تعلقات ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ یہاں آکر خوشی ہوئی، یہاں رہنے والے لوگ کافی ہنرمند ہیں، اس وقت پاکستان سیلابی صورت حال سے گزر رہا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، ہم نے مشینری منگوائی ہے جو یومیہ 50 ہزار لیٹر گندے پانی کو میٹھا کرے گی۔انھوں نے تقریب میں بتایا کہ فرانسیسی جامعات سے لوگ نومبر میں پاکستان کو دورہ کریں گے اور مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔
نکولس گیلے نے تجارتی تعلقات کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز کے مابین میٹنگ رکھی گئی ہے، جو دونوں ممالک کے باہمی تعلق کو مزید مضبوط کرے گی۔انھوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے اس جگہ کو اصل حالت میں بحال رکھنے کے لیے بہت کام کیا ہے، یہاں اسکولوں کے بچوں کو مختلف پروگرامات کروائے جائیں گے۔
انھوں نے تقریب میں بتایا کہ یہاں جناح لائبریری کے نام سے پبلک لائبریری ایک سمعی و بصری مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، تقریب کے اختتام پر فرانسیسی سفیر کو اجرک اور شیلڈ پیش کی گئی۔