ڈاکٹرمحمد بن عبدالکریم الیسہ کےدورہ سےپاکستان اورسعودی عرب کےدرمیان خوشگوارتعلقات مزید مستحکم ہوں گے: طاہراشرفی
اسلام آباد:پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نےکہا کہ مسلم ورلڈ لیگ (ایم ڈبلیو ایل) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم الیسہ مسلم امہ کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں، ان کے دورے سے دونوں برادر ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اتوار کواے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ عالمی سطح پرمشترکہ مفادات کے حصول اور درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اختلافات کو دور کیا جائے اور عملی نقطہ نظر کے ساتھ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک متفقہ حکمت عملی وضع کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی ماضی کی شان کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے، انہیں قرآن پاک کی تعلیمات اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل کرنا چاہیے۔مذہبی سفارت کاری کے لیے بین الاقوامی فورم بنانے کے لیے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کے خیال کی تائید کرتے ہوئے کہا وقت کی ضرورت ہے کہ مسلم کمیونٹیز کو قریب لایا جائے اور ان کے لیے مواقع کے نئے راستے کھولے جائیں۔ایک سوال کے جواب میں طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ڈاکٹرالیسہ کے دورے سے دونوں برادر ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، کوئی طاقت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو کمزور نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات نہ صرف سفارتی یا برادرانہ ہیں بلکہ یہ مشترکہ عقیدے پر مبنی تعلقات ہیں۔ حافظ محمد طاہر محموداشرفی نے کہا کہ ڈاکٹر الیسہ نے ریاستی اعلیٰ حکام سے ملاقات کے علاوہ مذہبی اسکالرز، علمائے کرام، مختلف مکاتب فکر کے مشائخ اور طلباء سے بھی بات چیت کی ۔انہوں نے کہاکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان سے نوازا تھا جو کہ پاکستان کا دوسرا بڑا اعزاز ہے۔
اس ایوارڈ نے سعودی عرب میں پاکستانی طلباء کو وظائف دینے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے حقوق کی پیروی اور ان کے تحفظ، مکالمے اور کانفرنسوں کا اہتمام کرکے دنیا کے مسلمانوں کے درمیان امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے ان کے کردار،دنیا میں مسلمانوں کی پرامن، ہم آہنگی اور رواداری کی تصویر کو بھی تسلیم کیا۔انہوں نے خادمِ حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدگان کی فراخدلی سے مدد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔