شیخوپورہ :علمائے کرام امن و امان، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی , اتحاد بین المسلمین کیلئے اپنا کردار ادا کریں-طارق علی بسراء

باغی ٹی وی:شیخوپورہ (محمد طلال سے)ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ طارق علی بسراء نے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرے میں امن و امان کی بحالی، مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں جس کی آج ملک کو اشد ضرورت ہے اس سلسلہ میں حکومت پنجاب نے جو ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے اس پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کیلئے علماء کرام کا تعاون درکار ہے اس سے ہی ہم ایک خوشحال اور پر امن معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ امن کونسل کے رہنماؤں حاجی طاہر جاوید نقشبندی، حافظ عزیز الرحمن عزیز، حافظ محمد اشفاق گجر اور حاجی محمد اعظم سیکھو کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میاں محمد جمیل، ڈی ایس پی سٹی رانا غلام عباس اور دیگر موجود تھے، ڈپٹی کمشنر نے شیخوپورہ میں قیام امن کیلئے چاروں مکاتب فکر کے علماء کرام پر مشتمل متحدہ امن کونسل کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اس طر ح کا اتحاد یقینا معاشرہ میں مثبت و تعمیری روایات کے فروغ و باہمی تعاون کے فروغ کا موثر پلیٹ فارم ہے اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ بھی متحدہ امن کونسل کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کرے گی جس کیلئے ضلع کی پانچوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں، علماء کرام نے ملاقات میں یقین دلایا کہ حکومتی ضابطہ اخلاق کے مطابق دینی مذہبی جماعتوں کے ساتھ ساتھ علماء کرام انفرادی و اجتماعی طور پرہر ممکنہ تعاون کریں گے۔

Leave a reply