جمیکا (اے پی پی) ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کیلئے سکواڈ کا اعلان کردیا، کیموپال کی ٹیم میں دوبارہ واپسی ہوئی ہے.
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے بھارت کے خلاف شیڈول دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کیلئے سکواڈ کا اعلان کردیا، آل راﺅنڈر کیموپال کی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، وہ انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے جس میں ویسٹ انڈیز کو 318 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، میگل کمنز کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ اعلان کردہ سکواڈ کپتان جیسن ہولڈر، کریگ بریتھویٹ، ڈیرن براوو، شمارکھ بروکس، جان کیمپ بیل، روسٹن چیس، راہکیم کورنوال، جہمار ہملٹن، شمرون ہٹمائر، شائی ہوپ، شینن گبرائل، کیموپال اور کیمر روچ پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے شروع ہو گا اور مہمان ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔