ننکانہ صاحب باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز )حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت کے مطابق خصوصی بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے ڈسٹرکٹ سپیشل ایجوکیشن اور سلو لرنرکے زیر اہتمام جیمنیزیم ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب احمرنائیک تھے۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ شوکت سندھو،ڈویژنل سپیشل ایجوکیشن آفیسر طاہر حسین غازی، معروف سماجی کارکن سردار مہندر سنگھ خالصہ،پرنسپل سپیشل ایجوکیشن ننکانہ طارق جاوید کمبوہ، ہیڈمسٹریس سلولرنر زبیدہ خاتون،ہیڈمسٹریس سپیشل ایجوکیشن سکول سانگلہ ہل مس عمارہ خورشید،ہیڈماسٹر سپیشل ایجوکیشن سکول شاہکوٹ محمد سلیم سمیت ٹیچرز،میڈیا نمائندگان کے علاو خصوصی بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران خصوصی بچوں نے مختلف ٹیبلوز پر خوبصورت پرفارمنس سے حاضرین کے دل موہ لیے۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب احمرنائیک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے ہماری توجہ کے طلبگار ہیں اس لیے ہم سب کا فرض بنتاہے کہ ہم انکی تعلیمی ضروریات کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت بھی کریںتاکہ وہ عام لوگوں کی طرح ملک و قوم کی تعمیر وترقی میں اپنا کردارادا کرسکیں۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہا کہ خصوصی بچوں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے سب کو حیران کر دیا ہے جس پر وہ داد کے مستحق ہیں،ترقی یافتہ معاشروں میں انہیں معذور کی بجائے خصوصی افراد کہا جاتا ہے، پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ خصوصی افراد کے مسائل کے فوری حل اور انہیں ہر ممکن بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھرپوراقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے سپیشل ایجوکیشن کے سربراہان اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا کہ جس طرح آپ ان خصوصی بچوں کو اشاروں پر تیار کررہے ہیں اس کا دنیا میں بھی آپ کو فائدہ ملے گا اور آخرت میں بھی اللہ آپ کو جزا دے گا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ احمرنائیک نے اس موقع پر سپیشل ایجوکیشن سنٹر ننکانہ صاحب کی توسیع کے لیے باباگورونانک یونیورسٹی کے ساتھ 15 کنال اراضی دینے کا اعلان کیااور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین کروائی۔ تقریب کے اختتام پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خصوصی افراد اور طلباءو طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے

کی طرف سے پوسٹ کیا گیاڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں