وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے مابین ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور فلاحی منصوبوں سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شیخ رشید سے ملاقات کے دوران سردار عثمان بزدار نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پراقرباءپروری کے کلچرکوفروغ دیا۔ سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی خزانے کونقصان پہنچا اور ملک میں مہنگائی، بے روزگای اور غربت بڑھی۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق حکومتی امور سرانجام دے رہے ہیں۔ ہمارا عوام سے تعلق ہے اورعوام کے مینڈیٹ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ہم نے خدمت کے جس سفر کا آغاز کیا ہے اس میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ نئے پاکستان میں ہر شہر اور علاقے کویکساں ترقی دی جائے گی۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا ”کرپشن فری پاکستان“ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے،موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں ہر سطح پر بچت،سادگی اورکفایت شعاری کو فروغ دیا ہے۔ ملک میں کرپشن کرنے والوں کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے۔ کرپٹ عناصر کیلئے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

سردار عثمان بزدار اور شیخ رشید احمد کے مابین ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی خدمت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے اور فلاح عامہ کی سرگرمیوں کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔

Shares: