شاعر، ڈرامہ نگار اور نقاد امجد اسلام امجد آج لاہور میں انتقال کر گئے ہیں، ان کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا جا ر ہا ہے. معروف صحافی مبشر لقمان نے امجد اسلام امجد کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امجد میرے بہت اچھے دوست تھے وہ ایک زندہ دل آدمی تھے ، ہمیشہ چہرے پر مسکراہٹ سجائے رکھتے اور ملتے تو بہت ہی پرجوش انداز میں ملتے. انہوں نے کہا کہ ویسے تو ان کے ساتھ بہت زیادہ ملاقاتیں رہیں لیکن آخری بار وہ ہمارے گھر اس وقت آئے جب وہ بیرون ملک سے کسی دورے سے وطن واپس آئے تھے ، میں ان کی آمد پر کافی خوش تھا ان کی محفل میں کیسے وقت گزرتا تھا نہیں پتہ چلتا تھا. ان کے ساتھ آخری ملاقات میں ہمارے بہت سارے دوست تھے. مجھے ان کے
انتقال کا دھچکا لگا ہے. مبشر لقمان نے کہا کہ ادب کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رہے گا. مبشر لقمان نے کہا کہ امجد اسلام نے اپنے قلم سے لوگوں کے دلوں پر راج کیا. ان کا لکھا ہوا آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ رہے گا. واضح رہے کہ امجد اسلام امجد لاہور میں آج سے شروع ہونے والے پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے دوسرے روز شرکت کرنے والے تھے. ان کے اس فیسٹیول میں مختلف سیشنز رکھے گئے تھے.








