امریکہ کو چین کا ایک بار پھر انتباہ ، تائیوان کو اسلحہ بیچنے سے باز رہے
بیجنگ : امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی بڑھنے لگی ، اطلاعات کے مطابق چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے امریکہ کو جزیرہ تائیوان کو اسلحے کی فروخت کی بابت خبردار کیا ہے۔
چینی وزارت دفاع کے ترجمان رن گوا چینگ نے بیجنگ میں ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ، تائیوان کو اسلحے کی ترسیل کے نتائج کا ذمہ دار ہے اور اسے اس اقدام کے نتائج قبول کرنا پڑیں گے۔
بیجنگ سے چینی وزارت خارجہ کے مطابق چین کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ حزیرہ تائیوان کو امریکہ کی جانب سے اسلحے کی فروخت، چین کے داخلی امور میں واشنگٹن کی سنجیدہ مداخلت شمار ہوتی ہے اور یہ متحدہ چین کے اصول کے منافی ہے۔
وزارت دفاع کے ترجمان رن گوا چینگ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ واشنگٹن کو جزیرہ تائیوان کو دوارب ڈالر کے اسلحے کی فروخت کو فورا روک دینا چاہئے۔ بیجنگ نے اس سے پہلے بھی امریکہ کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ تائیوان کو جنگی طیارے بیچےگا تو اسے چین کے جوابی اقدام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی خبریں گردش کررہی ہیںکہ امریکہ نے جزیرہ تائیوان کی ساٹھ سے زیادہ ایف سولہ جنگی طیاروں کی خریداری کی درخواست منظور کر لی ہے۔ حکومت چین نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ تائیوان کی خودمختاری قبول نہیں کرے گا۔چین ، تائیوان کو اپنا اٹوٹ حصہ سمجھتا ہے۔