ٹھٹھہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگار راجہ قریشی)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی اور ڈپٹی کمشنر کا ٹھٹھہ اور مکلی میں پینے کے پانی کی فراہمی سمیت میونسپل سروسز سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس ، ہنگامی اجلاس –
تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بین الصوبائی معاملات و ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر وقت کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ اور مکلی میں پینے کے پانی کی کمی، آلودہ پانی کی فراہمی، سی سی بلاک، ڈرینیج و دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت میونسپل سروسز کے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس میں متعلقہ محکموں کے افسران سے منعقدہ ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، اسسٹنٹ کمشنر شفیق آریسر، محکمہ آبپاشی، پراونشل ہائی وے، کوسٹل ہائی وے، حیسکو، پبلک ہیلتھ، میونسپل، ٹاؤن، اطلاعات و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں باالخصوص محکمہ کوسٹل ہائی وے کے افسران کی جانب سے غیر ذمہ داری اور بغیر کسی مشاورت کے ان کے حلقہ میں کام کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی، میونسپل، ٹاؤن و دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ٹھٹھہ اور مکلی کے عوام کو مسلسل پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے سمیت دیگر میونسپل سروسز کیلئے بھی بہتر حکمت عملی تشکیل دیں اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ درپیش ہو تو انہیں جلد آگاہی فراہم کی جائے تاکہ اعلی حکام سے رابطہ کرکے عوامی شکایات کا جلد سے جلد ازالہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ملکر شہر میں جاری سی سی بلاک، ڈرینیج و دیگر ترقیاتی منصوبوں کا مشترکہ دورہ کرکے باہمی مشاورت کے ساتھ مسائل کی نشاندہی کریں اور اس ضمن میں ایک جامع رپورٹ جلد پیش کی جائے تاکہ مزید حکمت عملی تشکیل دیکر عوام کو مطلوبہ بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Shares: