ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی): حکومت پنجاب نے ماہ صیام میں عملہ کی تھکاوٹ کا احساس کرتے ہوئے صوبہ بھر میں جمعتہ المبارک کو آٹا کی تقسیم کے مراکز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ڈی جی خان میں پہلے سے جاری ٹوکن پر جمعتہ المبارک کو بھی آٹا تقسیم ہوگا ۔ کمشنرڈیرہ غازیخان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احکامات جاری کردئیے ہیں۔آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان،ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل،ڈی پی او محمد راشد دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز،اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ عوام کو ایک ساتھ دس کلو کے دو تھیلے دینے سے فلور ملز پر آٹا کی تیاری کا بوجھ بڑھ گیا ہے تاہم فلور ملز کو مکمل گنجائش کے ساتھ آٹا کی تیاری کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔کمشنر نے کہا کہ عوام کو عزت وتکریم کے ساتھ آٹا دینے کیلئے مراکز پر نظم وضبط برقرار رکھنا ہوگا جس کیلئے سکیورٹی اقدامات مزید بڑھانے ہوں گے۔سول ڈیفنس اور دیگر فورسز کو بھی تعینات کیا جائے۔ آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ ہر مرکز پر پنجاب پولیس کی نفری بڑھائی جائے گی۔سکیورٹی اقدامات کو وہ خود مانیٹر کررہے ہیں۔ڈی پی اوز بھی اپنے اضلاع میں معاملات کی خود نگرانی کریں۔

Shares: