مزید دیکھیں

مقبول

ایران نے امریکہ سے بات چیت کی خواہش رکھی تو میں بھی اس کیلئے تیار ہوں. ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران امریکہ سے بات چیت کا خواہشمند ہوا تو میں بھی اس کے لئے تیار ہوں. یہ بات انہوں نے جاپانی وزیراعظم شنزو آبے کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی ہے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ‌ کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ کوئی بھی یہ نہیں‌ چاہتا کہ بدترین چیزیں‌ پیش آئیں. میں‌ سمجھتا ہوں کہ ایران بات چیت کا خواہش مند ہے۔ اگر اس کی طرف سے اس خواہش کا اظہار کیا گیا تو ہم بھی اس کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے تاہم میں ایک حقیقت جانتا ہوں کہ وزیراعظم شنزوآبے کے ایران کی قیادت کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان بڑا اور متبادل احترام پایا جاتا ہے۔ انہوں نے جاپانی وزیراعظم سے بات چیت میں کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ بہت سی اچھی چیزیں ہوں گی، ہم نے بڑا فاصلہ طے کر لیا ہے۔ ملاقات کے دوران جاپانی وزیراعظم شنزو آبے نے کہا کہ انہوں نے امریکی صدر کے ساتھ شمالی کوریا، اقتصادی معاملات اور آئندہ جی 20 سربراہ اجلاس کے حوالے سے بات چیت کی۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکہ کے مابین ان دنوں‌کشیدگی چل رہی ہے اور دونوں اطراف سے جارحانہ بیان بازی دیکھنے میں آرہی ہے. امریکی صدر نے قبل ازیں دھمکی دیتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ اگر جنگ ہوئی تو ایران ختم ہو جائے گا جبکہ ایران نے اس دھمکی پر شدید ردعمل ظاہر کیا تھا.