خبر رساں ادارے رائٹر نے دعوی کیا ہے کہ یمنی حکومت نے جنوبی علاقے میں موجود علیحدگی پسند گروہ سے سعودی عرب کے دارالحکومت جدہ میں بلواسطہ مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔
علیحدگی پسند گروہ ’’جنوبی عبوری کونسل‘‘ کو متحدہ عرب امارات کی حمایت جبکہ یمن کے شہر عدن کی حکومت کو سعودی عرب کی تائید حاصل ہے۔
یمنی حکومت کے ایک سینیئراہلکار نے بتایا کہ سعودی عرب کی وساطت سے دونوں فریقین کے درمیان جدہ میں باقاعدہ مذاکرات شروع ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات اور معاملات سخت گھمبیر ہیں تاہم وہ ان مذاکرات کے مثبت نتائج کے لیے پر امید ہیں۔
جنوبی علیحدگی پسند گروہ اور عدن کی حکومتی افواج نہ صرف آپس میں لڑ رہی ہیں بلکہ دونوں کی لڑائی صنعاء میں موجود ایران نواز حوثی باغیوں سے بھی جاری ہے۔
سعودی عرب کی یمن اتحاد کو یکجا کرنے، عدن اور دوسرے جنوبی علاقوں میں حکومتی افواج اور علیحدگی پسندوں کے درمیان لڑائی ختم کرانے کی کوشیش جاری ہیں تاکہ دونوں مل کر حوثی باغیوں کا مقابلہ کر سکیں۔