ڈیرہ غازیخان(تنویر احمد) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں چھ ستمبر کو یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا. مرکزی تقریب آرٹس کونسل میں دس بجے دن شروع ہو گی جو واک پر اختتام پذیر ہو گی. انتظامات کی نگرانی او رحتمی شکل دینے کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے کنوینر و فوکل پرسن اسسٹنٹ کمشنر صدر عثمان جلیس ہوں گے. انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سمیع اللہ فاروق نے کی. انہوں نے کہاکہ چھ ستمبر کو یوم فتح کے طو رپر منایاجائے گا پاک فوج نے چھ ستمبر کو لازوال کامیابی حاصل کی او رملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا پاک فوج کی قربانیو ں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا. چھ ستمبر کو پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور آج ملک کو اسی جوش و جذبے کی ضرورت ہے. اے ڈی سی آر نے کہاکہ آرٹس کونسل میں پاک فوج کی تیار کردہ دستاویزی فلم "آئیں ہر شہید کے گھر چلیں "بھی دکھائی جائے گی. تقریب میں پاک فوج او ررینجرز کے ساتھ ساتھ افسران اور ہر شعبہ سے متعلق افراد شریک ہوں گے انتظامی کمیٹی میں سی ای او تعلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور پروگرام آفیسر آرٹس کونسل کو شامل کیاگیاہے. اجلا س میں متعلقہ افسران شریک تھے.

Shares: