صوابی کے گاؤں میں گھروں میں خط بھیج کر بھتہ مانگنے والا گروہ پولیس کے شکنجے میں آگیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نجم الحسن کے مطابق خطوط بھیجنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ پولیس نے گرفتار 6 رکنی گینگ سے 30 لاکھ روپے برآمد کیے ہیں۔ حکام کے مطابق متعلقہ خاندانوں کی رپورٹ پر کالوخان پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔یاد رہے صوابی میں 18 خاندانوں کو پیسے منتقل نہ کرنے پر دھمکی آمیرخطوط موصول ہوئے تھے جس کے بعد گاؤں ڈاگئی میں 18 خاندانوں نے دھمکی آمیز خطوط ملنے پر جرگہ طلب کیا تھا۔جرگے میں پولیس حکام کو کاروائی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی تھی اور ساتھ ہی جرگے نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ اگر خطوط بھیجنے والے افراد میں کوئی سخص گاؤں ڈاگئی سے تعلق رکھے گا تو اسے گاؤں بدر کیا جائے گا ،
خط کے متن کے مطابق بینک اکاؤنٹس سے پیسے نکلوا کر تیار رکھ لیں، ہم وصولی کیلئے آئیں گے، تمام خاندان پیسے اور سونا اپنے گھروں پر رکھیں۔ بینکوں سے پیسے نہ نکلوانے اور سونا گھر پر نہ رکھنے پر قتل کی دھمکیاں دی گئیں۔
ڈاگئی کے رہائشیوں کو خطوط ملنے کے بعد کالو خان پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے ان کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا تھا اور اس کے بعد گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

Shares: