وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا ہے جب تک کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیر پر اگر ہم نے کوتاہی برتی تو دنیا کبھی معاف نہیں کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اج کے دن کو پاک فوج کے شہدا اور کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اوروطن عزیز کے لیے جانیں دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہندوستان پاکستان کی سرحدوں کی طرف بڑھا تو اسے نیست و نابود کر دیں گے، ہم نے اسلحہ شب برات پر چلانے کے لئے نہیں رکھا، بھارت نے جنگ مسلط کی تو یہ آخری جنگ ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری کے لئے کچھ لوگ پلی بارگین کر رہے ہیں، نواز شریف پلی بارگین کے لئے براہ راست بات کریں، عمران خان کو کہا ہے کہ یہ کنجوس لوگ ہیں ان سے جو ملتا ہے لے لیں۔

وفاقی وزیر نے ریلوے کو اگلے 5 سالوں کے دوران خسارے سے نکالنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا 138 ٹرینوں کو 150 پر لے جائیں گے، بارشوں سے سگنل متاثر ہوتے ہیں اس لئے ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، اگلے 15 روز میں ٹرینوں کا شیڈول ٹھیک ہو جائے گا۔

Shares: