امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرقِ اوسط کے لیے خصوصی ایلچی اور اسرائیل ، فلسطین امن منصوبے کے خالقوں میں سے ایک گرین بلاٹ جمعرات کو مستعفی ہوگئے ہیں۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں کام کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینیر عہدہ دار کا کہنا ہے کہ گرین بلاٹ اپنے خاندان کے ساتھ مزید وقت گزارنا چاہتے ہیں اور وہ خوش گوار ماحول میں اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہورہے ہیں۔انھیں صدر کا اعتماد حاصل تھا۔

قبل ازیں امریکی حکام نے یہ اشارہ دیا تھا کہ گرین بلاٹ طویل عرصے سے التوا کا شکار مشرقِ اوسط امن منصوبے کے اجرا کے بعد مستعفی ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انھوں نے 2017ء میں وائٹ ہاؤس میں ذمے داریاں قبول کرتے وقت کہا تھا کہ وہ صرف دو سال کے لیے کام کریں گے۔ اب وہ سبکدوش ہونے کے بعد نیوجرسی میں اپنی بیوی اور چھے بچّوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گرین بلاٹ اور وائٹ ہاؤس کے سینیر ، صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر نے اسرائیل میں متعیّن امریکی سفیر ڈیوڈ فرائیڈمین کے ساتھ مل کر اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان قیام امن کے لیے مجوزہ امن منصوبہ وضع کیا ہے اور صدر ٹرمپ کے اس پہلے دور صدارت کے اب تک کے تما م عرصے کو ا س کام پر صرف کردیا ہے۔

Shares: