چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے نگران وفاقی وزیر توانائی و بجلی محمد علی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک بھر میں اور خاص طور پرصوبہ بلوچستان کو بجلی کی بلا تعطل اور قابل اعتماد فراہمی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ کو نگران وفاقی وزیر نے بجلی کی موثر اور بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی اور اٹھائے گے اقدامات بارے تفصیلی آ گاہ کیا۔
جبکہ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں بجلی کی تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا چاہیے تاکہ صوبے کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے صوبہ بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مستحکم اور پائیدار بجلی کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اورصوبے کے رہائشیوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی اداروں اور پاور یوٹیلیٹیز کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں توانائی سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے اور صوبہ بلوچستان کے کونے کونے تک بجلی کی مستقل فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو استعمال کرنے اور توانائی کی تقسیم اور کھپت کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے صوبہ بلوچستان کو توانائی سے متعلق درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ اور نگران وفاقی وزیر توانائی وبجلی نے خطے کے توانائی سے متعلق خدشات کو دور کرنے کیلئے تعاون، شفافیت اور موثر رابطے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے نگران وفاقی وزیر توانائی و بجلی کی کوششوں کی تعریف کی۔








