بھارتی حکام نے 29 مزید کشمیری قیدیوں کو بھارت کی ریاست اتر پردیش کی آگرہ سنٹرل جیل منتقل کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان قیدیوں کو خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے آگرہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی درجنوں کشمیری قیدیوں کو آگرہ منتقل کیا جا چکا ہے۔

پرانے قیدیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی بیرکوں کو صاف کریں اور انھیں دوسری بیرکوں میں منتقل کیا گیا ہے ، جبکہ ان خالی بیرکوں کو کشمیری قیدیوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ مزید کشمیری قیدیوں کو جلد ہی آگرہ سنٹرل جیل لایا جائے گا۔ آگرہ جیل میں پہلے ہی قیدیوںکے لیے گنجائش نہیں ہے ۔

یاد رہے کہ 5اگست سے لے کر اب تک ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں مزید قیدی رکھنے کی گنجائش نہیں جس کی وجہ سے انہیں بھارت کے مختلف علاقوں کی جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

Shares: