امریکا کو مطلوب ایران کا آئل ٹینکر منزلِ مقصود پر پہنچ گیا، لدا تیل فروخت

0
48

امریکا کو مطلوب ایران کا تیل بردار جہاز بحرمتوسطہ میں سفر کرتا ہوا شام میں اپنی منزل مقصود پر پہنچ گیا ہے اور اس پر لدا ہوا تیل فروخت کردیا گیا ہے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نےاتوار کو یہ اطلاع دی ہے لیکن یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ یہ کہاں پہنچا ہے اور اس پر لدے ہوئے خام تیل کو کس ملک یا ادارے کو فروخت کیا گیا ہے۔آیا وہ اس کے حوالے کردیا گیا ہے یا ابھی تک ٹینکر پر ہی لدا ہو اہے؟

البتہ ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ آبنائے ہُرمز میں تحویل میں لیے گئے برطانوی ٹینکر کو قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد جلد چھوڑ دیا جائے گا۔

ایرانی تیل بردار جہاز ادریان داریا1گذشتہ ہفتے شام کے ساحلی علاقے میں غائب ہو گیا تھا اور پھر اس کی شام کی بندرگاہ طرطوس میں لنگرانداز ہونے کی سیٹلائٹ تصاویر منظرعام پر آئی تھیں۔

جہازرانی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خرید وفروخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد اس ٹینکر پر لدے تیل کو کسی اور بحری جہاز پر منتقل کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکا کے محکمہ خزانہ نے گذشتہ سے ہیوستہ جمعہ کو ادریان داریا کو بلیک لسٹ کردیا تھا اور اس نے خطے کے ممالک کو خبردار کیا تھا کہ وہ اس کو قبول کرنے سے گریز کریں۔اس جہاز پر اکیس لاکھ بیرل خام تیل لدا ہوا ہےاور اس کی مالیت تیرہ کروڑ ڈالر بتائی گئی تھی۔

Leave a reply