یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی قیادت نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے صوبے الجوف میں خب اور الشعف کے ضلعوں میں دہشت گرد حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر بم باری کی۔

سعودی خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق اتحادی افواج کی قیادت کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ "اتحادی طیاروں نے الجوف صوبے کے دو ضلعوں خب اور الشعف میں ایران نواز حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران السلیلہ اور الوجف کے علاقوں میں دہشت گرد حوثیوں کے مراکز اور جتھوں پر بم باری کی گئی۔ اس کے نتیجے میں حوثی باغیوں کا بھاری جانی و مادی نقصان ہوا”۔

اس سے قبل اتوار کے روز عرب اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے صعدہ صوبے کے ضلع رازح میں بنی معین کے علاقے میں حوثی ملیشیا کے ایک گودام کو تباہ کر دیا جہاں ہلکے اور درمیانے ہتھیاروں کو جمع کیا گیا تھا۔

اتحادی طیاروں کی کارروائی میں مذکورہ ضلع میں تزویراتی اہمیت کے حامل پہاڑی علاقے الاذناب میں باغیوں کی کئی عسکری گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ یمنی وزارت دفاع کے زیر انتظام ویب سائٹ "ستمبر ڈاٹ نیٹ” کے مطابق حملوں میں دہشت گرد حوثی ملیشیا کے متعدد ارکان ہلاک و زخمی ہوئے۔

Shares: