ننکانہ: گورونانک دیو جی کے 554ویں جنم دن کی تقریبات جاری ہیں-
باغی ٹی وی: بھارتی پنجابی فلموں کے معروف اداکار گورچیت چیترکار بھی بابا گورونانک کے 554 ویں جنم دن تقریبات میں شرکت کے لئے ننکانہ صاحب پہنچ گئے , گورچیت چیترکار نے گوردوارہ جنم استھان میں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گور چیت چیترکار کا کہنا تھا کہ سکھ مسلم بھائی چارہ ایک مثال ہے, سکھ مسلم دوستی ہمیشہ سے چلتی آرہی ہے, انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سکھوں اور مسلمانوں کو الگ نہیں کرسکتا, پاکستان میں آکر بےپناہ محبت ملی, پاکستان میں ملنے والا پیار ہمیشہ یاد رہے گا,
https://x.com/PTVNewsOfficial/status/1728753960092418124?s=20
بھارت سمیت دنیا بھر سے پاکستان آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے گورودوارہ سچا سودا کا دورہ کیا ، ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ رانا شاہد سلیم نے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا، سکھ یاتریوں نے گورودوارہ سچا سودا میں ماتھا ٹیکا اور مذہبی رسومات ادا کیں، پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبران نے بورڈ کے ذمہ داران کی ہمراہی میں یاتریوں کو گورو کا لنگر پیش کیا-
بھارت سے آنے والے پربندھک کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار خوشویندر سنگھ اور ڈپٹی لیڈر سردار رنجیت سنگھ نے اپنے سواگت کو شاندار قرار دے دیا، کہا کہ گورودواروں کی دیکھ بھال پر متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے شکرگزار ہیں، دہلی سکھ گورودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار جیتندر پاک سنگھ اور ڈپٹی لیڈر سردار بلوندر سنگھ نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے حوالے سے معاملات کی دل کھول کر تعریف کی-
ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم نے کہا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کے ویژن اور ہدایات کی روشنی میں متروکہ وقف املاک بورڈ نے یاتریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی ہے،وفاقی سیکرٹری مذہبی امور/چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ خود تمام معاملات کو مانیٹر کر رہے ہیں-
انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو طعام،قیام،میڈیکل کی سہولیات مفت فراہم کرنے کے علاوہ سیکورٹی انتظامات کو بھی فول پروف بنایا گیا ہے،گورو نانک دیو جی کی تعلیمات امن، بھائی چارے، محبت کے فروغ اور انسانیت کی تعظیم کا درس دیتی ہیں، پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ، اور تمام کمیٹی ممبران سکھ سنگت کی سیوا کے لئے متحرک ہیں-