اوچ شریف:ہائے مہنگائی،لنڈابازارسےخریداری بھی غریبوں کیلئے خواب بن گئی

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) غریبوں کا شاپنگ مال ’’لنڈا بازار’’بھی سفید پوش لو گوں کی پہنچ سے دور ہو گیا، موسم سرد ہوتے ہی مہنگائی کے طوفان نے متوسط طبقے کوسستے گرم کپڑوں سے محروم کردیا،

موسم سرما کے شروع میں ہی لنڈا مالکان کی جانب سے کپڑوں کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا گیا ہے گزشتہ روز لنڈا بازار میں خریداری کیلئے آئے ہوئے شہریوں محمد صدیق،محمد اکرم ،راشد ، عمر فاروق اور اقبال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موسم سرد ہوتے ہی غریب طبقہ نے لنڈا بازار کا رخ کیا تو لنڈا بازار دکانداروں کی جانب سے قیمتوں میں اضا فہ کر دیا گیا ہے ،

گذ شتہ سال کی نسبت اس سال قیمتوں میں 200 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے محمد وارث، رجب علی، محمد نعمان اور حفیظ اللہ نے کہا کہ ہم نے سوچا سردی سے پہلے ہی کپڑے خرید لیے جائیں تاکہ ہما ری خریداری سستی ہوجائے لیکن مارکیٹ کے حالات ہی مختلف ہیں،

انہوں نے کہا کہ نئے کپڑے اور لنڈے کے کپڑوں کی قیمتوں میں کو ئی فرق نہیں رہا ،اگر ہما رے پاس اتنے پیسے ہوتے تو لنڈا بازار میں کیا کرنے آ تے، شہریوں نے کہا کہ لنڈ ابازار میں سویٹرکی قیمت 1300سے 2000روپے اور جیکٹ 2500سے 3500روپے میں مل رہی ہے جو ہماری پہنچ سے بہت دور ہے، جوتے 1000 سے روپے سے کم نہیں ملتے

پہلے لنڈا بازار میں صرف غریب اور متوسط طبقہ کے لوگ خریداری کیلئے آتے تھے اب امیر لوگ بڑی تعداد میں آتے ہیں، انہوں نے باغی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غریب بیچارہ جائے تو کہاں جائے مہنگائی اتنی ہو گئی ہے کہ کوئی بھی چیز خریدنے کی استطاعت باقی نہیں رہی، لنڈا بازار ہی ایسی واحد جگہ ہے جہاں پر غریب اپنی پردہ پوشی کر سکتا ہے لیکن یہ بات ماضی تک محدود ہو کر رہ گئی ہے اب تو لنڈے نے بھی برینڈڈ دکانوں کی شکل اختیار کر لی ہے

لنڈا بازاراشیاء خریدنا بھی غریب کی استطاعت سے دور ہو گیا ہے خریداری کے لیے آئے شہریوں نے نگران حکومت سے مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے

دوسری جانب دکانداروں کا کہنا تھاکہ ٹیکسوں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بے تحاشا اضافے کے باعث ہم لنڈے کے کپڑے مہنگے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں

Leave a reply