دبئی: آئندہ برس ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ نیویارک میں کرایا جائے گا-
باغی ٹی وی: برطانوی اخبار کے مطابق پاک بھارت میچ سے متعلق اتفاق آئی سی سی اور آر گنائزنگ کمیٹی کے درمیان ہوا ہے،دبئی میں آئی سی سی اجلاس میں شیڈول کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے، ایزن ہاور اسٹیڈیم نیویارک سے 25 کلومیٹر دور لانگ آئی لینڈ میں ہے پاک بھارت میچ کے لیے اسٹیڈیم میں 34 ہزار شائقین موجود ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق امریکی شہر فلوریڈا اور ٹیکساس بھی ورلڈ کپ مقابلوں کے میز بان ہوں گے جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی بارباڈوس کرے گا،جبکہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے مشترکہ میزبان امریکا اور ویسٹ انڈیز ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کا معاہدہ سائن کرلیا ہے ، پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان "ہوسٹنگ رائٹس ایگریگیمنٹ” پر دستخط دبئی میں ہوئے، معاہدے پر دستخط ذکا اشرف اور آئی سی سی کے کونسل جنرل جوناتھن ہال نے کیے،پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر حکومت کو پہلے ہی آگاہ کرچکا ہے-
قبل ازیں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حالیہ ملاقات میں پی سی بی کو بھرپور حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی،یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو سونپی گئی ہے۔