اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) ضلعی محکمہ لائیو اسٹاک حکام کی عدم توجہی‘اوچ شریف کے بیشتر ویٹرنری ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان ، نواحی علاقے حیدر پور اور چناب رسول پور سمیت دیگر علاقوں میں ہسپتالوں کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار، ضروری ادویات کی عدم دستیابی ، مویشی پال حضرات کیلئے شدید مشکلات ، ویٹرنری ہسپتال و ڈسپنسریوں میں ادویات و عملے اور تشخیصی سہولیات ناپید، ارباب اختیار سے نوٹس کا مطالبہ

تفصیل کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک کے افسران کی عدم توجہی کے باعث اوچشریف کے مختلف نواحی علاقوں میں بنائے گئے جانوروں کے شفاءخانے غیر فعال ہو گئے ہیں شفاخانوں کی عمارتیں بھوت بنگلوں کا منظر پیش کر رہی ہیں

ذرائع کے مطابق اوچ شریف شہر اور گردو نواح کے علاقوں میں روزانہ 6 سو سے زائد جانور مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں جن کے علاج معالجہ کے لیے اوچ شریف شہر وگردونواح کے علاقوں میں مختلف مقامات پر قائم جانوروں کے علاج معالجے کیلئے سول ویٹرنری ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جہاں شہری بھینسوں، گائے، گھوڑوں، گدھوں، مرغیوں، کتوں، اونٹوں، بکروں و دیگر جانوروں کو علاج کے لئے لے کر آتے ہیں تاہم سول ڈسپنسریوں کی عمارتیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں

بیمار جانوروں کے لئے تعمیر کیے گئے شیڈز بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں پیٹ کے درد میں مبتلا جانوروں کے لئے مخصوص کیا گیا کولک شیڈ جو کہ چھتری نما ہے اس چھت سے لوہا غائب ہو چکا ہے

ہسپتال میں بیمار جانوروں کے چیک اپ کے لئے بنایا گیا کیمپ بھی غیر فعال ہو چکا ہے جس کے باعث مویشی پال افراد کو اپنے جانور چیک کروانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے

ہسپتالوں میں آنے والے جانوروں کے لئے ویکسین کی کمی کا عذر بھی اکثر پیش کیا جاتا ہے مویشی پال افراد نے ارباب اختیار سے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے

Shares: