پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی الیکشن کے نتائج کی دستاویزات کی فراہمی کے لیے درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا اور آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس شکیل احمد نے تیمور جھگڑا، کامران بنگش، محمود جان اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے استفسار کیا کہ آپ فارم 45 مانگ رہے ہیں؟درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ جی، ہم وہی مانگ رہے ہیں اور نہیں دیا جا رہا، الیکشن کمیشن جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ فارم آر اوز کے پاس ہیں، آر اوز کے پاس جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس نہیں ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو نتائج کی مصدقہ کاپیاں چاہئے؟درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ جی، مصدقہ دستاویز کے بغیر ہم الیکشن ٹریبونل میں نہیں جا سکتے،پشاور ہائیکورٹ نے درخواستوں کی سماعت 7 فروری تک ملتوی کر دی
اگر میں الیکشن واقعی ہارا ہوں تو کابینہ میں میرا حق ہی نہیں بنتا،تیمور سلیم جھگڑا
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما  رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  الیکشن کمیشن کو فارم 45 دینے کی درخواست دی مگر اب تک نہیں دیے، میرے حلقے کے فارم 45 الیکشن کمیشن نے اپلوڈ کر کے دوبارہ ڈیلیٹ کیے، جوڈیشل انکوائری کر کے ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے،چیف سیکریٹری اور آئی جی نے کیا کِیا آج تک؟ ہم انتقامی کارروائی نہیں بلکہ انصاف چاہتے ہیں، ہم سب وزیراعلیٰ کو خط لکھیں گے کہ جوڈیشل انکوائری ہو،علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی صوبائی کابینہ بنائیں گے، اگر میں الیکشن واقعی ہارا ہوں تو کابینہ میں میرا حق ہی نہیں بنتا








