ننکانہ: محکمہ اوقاف کی ملی بھگت سے لینڈ مافیا بے قابو ہو گیا،ڈپٹی کمشنرکا خط
ننکانہ صاحب باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں محکمہ اوقاف کی ملی بھگت سے لینڈ مافیا بے قابو ہو گیا, محکمہ اوقاف کی قیمتی زمین غیرقانونی طور پر زرعی مقاصد کے لئے لیز پر لے کر کاروباری اور گھریلو مقاصد کے لئے استعمال ہونے لگی, غیرقانونی قبضوں سے علاقے میں امن وامان اور انتظامی مسائل جنم لینے لگے, ڈپٹی کمشنر نے چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کو خط لکھ دیا, اوقاف کی زمین کی تمام غیر قانونی لیز منسوخ کر کے واگزار کروانے کا مطالبہ کر دیا
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد نے چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ارشد جاوید کو لکھے گٸے تحریری خط میں بتایا کہ میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کی حدود کے اندر محکمہ اوقاف کے افسران اور اہلکار اوقاف کی قیمتی زمین زرعی مقاصد کے لئے لیز پر دے رہے ہیں جس پر لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا راتوں رات عمارتیں اور گھر تعمیر کر لیتے ہیں جس سے ہمارے لئے انتظامی اور امن وامان کے مسائل جنم لے رہے ہیں
انہوں نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2020 کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں آنے والی تمام زمین شہری شمار ہوتی ہے اور اس قانون کے مطابق شہری زمین زرعی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کی جاسکتی اس لٸے محکمہ اوقاف میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کی حدود میں شہری زمین کو کس طرح زرعی مقاصد کے نام پر لیز دے سکتا ہے؟
انہوں نے تحریری خط میں چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں محکمہ اوقاف کی طرف سے زرعی مقاصد کے نام پر لیز پر دی گئی زمین کی لیز منسوخ کر کے یہ زمین قبضہ گروپوں اور لینڈ مافیا سے واگزار کروائی جائے.