کیف: یوکرین کے شہر خارکیف میں روسی فوج کے میزائل حملے میں مقامی ٹیلی ویژن کا ٹاور دو ٹکڑے ہوکر تباہ ہوگیا۔
باغی ٹی وی : یوکرینی حکام کے مطابق روسی میزائل حملے میں خارکیف کے ٹیلی ویژن ٹاور کو نشانہ بنایا گیا، میزائل حملے سے ٹیلی ویژن کا 240 میٹر بلند ٹاور آدھا ٹوٹ کر نیچے جا گرا،حملے کے بعد ٹیلی ویژن کے سگنلز میں خلل آیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس نے ٹی وی ٹاور پر حملے میں ممکنہ طور پر کروز میزائل استعمال کیا ہے، روس خار کیف شہر کو ناقابل رہائش بنانا چاہتا ہے۔
قبل ازیں 2022 میں بھی دارالحکومت کیئف میں مرکزی ٹیلی ویژن ٹاور پر روس کے مزائل حملے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے تھےسرکاری ٹی وی کی کچھ نشریات بند ہو گئیں تھیں مگر نشریاتی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا،وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کی گئی تصویر میں نشریاتی ٹاور کے ایک حصے سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیاتھا وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ نشریات بحال کرنے کے لیے بیک اپ نظام کو استعمال میں لایا جائے گا،اس سے پہلے روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا تھا کہ روسی فوج ’روس پر معلومات کے حملے روکنے کے لیے‘ کیئف میں ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے گی۔