مقبوضہ کشمیر، مسلسل چھٹے ہفتے نمازجمعہ ادا نہ ہو سکی

مقبوضہ کشمیر میں ، قابض حکام نے آج مسلسل چھٹے ہفتہ کو سری نگر کی تاریخی جامع مسجد اور دیگر اہم مساجد میں لوگوں کو نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔

واضح رہے کہ قابض حکام نے 5اگست سے جامع مسجد اور علاقے کی دیگر اہم مساجد میں نماز جمعہ کی اجازت نہیں دی ہے۔ 5اگست کو مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔
دریں اثنا ، بھارتی حکومت کی جانب سے نافذ کرفیو ، پابندیوں اور انٹرنیٹ، موبائل سروس کی بندش کی وجہ سے ، آج مسلسل 40 ویں دن معمولات زندگی متاثر رہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری کرفیو اور دیگر پابندیوں کوتوڑتے ہوئے سری نگر ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، کپواڑہ ، پلوامہ ، شوپیاں ، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے اور مودی حکومت اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مظاہرے کیے۔ انہوں نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

Comments are closed.