ابو ظبی اور دبئی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش جاری ہے

شارجہ،عجمان،راس الخیمہ اور فجیرہ میں بھی بادل برس پڑے،کئی ریاستوں میں اورنج الرٹ جاری کردیا گیا ،دبئی میں بارشوں کے پیش نظر مارکیٹیں،پبلک پارکس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ائیرلائنز کی فلائٹس میں بھی تاخیر کی وارننگ جاری کی گئی ہے،دبئی ائیر پورٹ پر بارش کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوگیا ہے،دبئی کی اہم شاہراہوں پر بارش کے پانی کے نکاس کیلئے متعدد ٹینکرز اور موٹرز نصب کی گئی ہیں، پانی کے ساتھ مٹی اور ریت کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بھی اقدامات کیے گئے ہیں،ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پولی تھین بیگز سے خصوصی روکاٹیں بنائی گئی ہیں،متحدہ عرب امارات میں آج وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

شدید بارشوں اور موسم کی خرابی کی وجہ سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشنز کو کم کر دیا گیا ہے،دبئی ایئر پورٹ سے 5 فلائٹس کا رخ موڑ دیا گیا ہے جبکہ 13 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں،ایئرپورٹ حکّام نے مسافروں کو فلائٹس کی مکمل معلومات لینے کے بعد ایئرپورٹ آنے کی ہدایات جاری کی ہیں،

پی آئی اے کی جانب سے متحدہ عرب امارات کاسفر کرنیوالے مسافروں کیلیے سفری ہدایات
دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے متحدہ عرب امارات کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے سفری ہدایات جاری کر دیں،ترجمان پی آئی اے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں کے باعث دبئی اور شارجہ کے لیے فضائی آپریشن شدید متاثر ہیں۔ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کی فضائی آپریشن تاحکم ثانی معطل رہے گی ۔قومی ایئر لائن کی کچھ پروازوں کو خراب موسم کی وجہ سے تاخیر اور منسوخی کا سامنا ہے۔ پی آئی اے کو اپنے مسافروں کی زحمت اٹھانے کا بھرپور احساس ہے۔ صورتحال بحال ہوتی ہی پی آئی اے اپنا فضائی آپریشن کا فی الفور آغاز کر دے گا۔ متاثرہ پروازوں کے مسافروں سے التماس ہے کہ وہ اپنی پرواز کی معلومات کے لیے پی ائی اے کی کال سینٹر 786 786 111 سے رابطے میں رہیں ۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات دو ہفتے پہلے بھی شدید بارش سے متاثر ہوچکا ہے، دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت دیگر ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئی تھیں،متحدہ عرب امارات میں شدید طوفانی بارش سے 75 برس کا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا،

متحدہ عرب امارات میں ہونے والی بارش کلاؤڈ سیڈنگ کا نتیجہ تھی؟

Shares: